لاہور۔17دسمبر (اے پی پی):لاہور کے علاقہ باغبانپورہ میں مہندی کی رسم سے واپس آنے والی کار پر نامعلوم افرادکی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع واردات سے فرار ہو گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گزشتہ رات لاہور کے علاقہ باغبانپورہ میں آخری منٹ سٹاپ کے قریب کار سوار مقتولین شادی کی تقریب سے واپس جا رہے تھے کہ ان کے سابق داماد سلمان اپنے 3 نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر آیا اور آتے ہی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو خواتین سمیت چار افراد موقع پرجاں بحق اور دو افراد زخمی جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع واردات سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے مقتول محبوب کے بھائی فاروق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا،مقدمہ ایک نامزد اور3 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقدمے میں قتل،اقدام قتل و دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں عبداللہ ، محبوب، کرن اور طیبہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں فرح، تاج بی بی اور مناہل کو فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ مقتولہ کرن کی 2 سال پہلے ملزم سلمان سے طلاق ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتولین فیصل آباد کے رہائشی تھے اور لاہور میں رشتے داروں کی شادی میں شرکت کیلئے آئے تھے۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔