فیصل آباد۔ 31 جولائی (اے پی پی):شعبہ پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت کی جانب سے باغبانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رواں ماہ اگست کے دوران کھٹی کی پنیری لگانے کاعمل مکمل کرلیں ۔
ڈپٹی ڈائریکٹرشعبہ پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت اسرار احمدنے باغبانوں سے کہا کہ وہ ماہ اگست کے دوران پیوند کاری کا عمل جاری رکھیں اور باغات میں پودوں کے ناغوں کا بھی جائزہ لیں تاکہ اگر باغات اور نرسریوں میں کیڑے مکوڑوں یا بیماریوں کی کوئی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب سپرے بھی کیا جائے۔
انہوں نے بتایاکہ اکثر اوقات مون سون کی بارشوں یا موسم برسات کے دوران پودوں کے تنوں سے گوند نکلنا شروع ہو جاتی ہے لہٰذا اسے کسی تیز دھار آلے سے اتارکر زخموں پر بورڈ و پیسٹ لگادینا چاہیے تاکہ پودے کا معیار متاثر نہ ہو۔انہوں نے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔