باغبان سدا بہار پودے ستمبرکے آخرتک لگا سکتے ہیں،ترجمان آری

203
باغبان سدا بہار پودے

فیصل آباد۔ 20 ستمبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد نے باغبانوں سے کہاہے کہ وہ نئے باغات لگانے کیلئےسدا بہار پودے ستمبر کے آخرتک جبکہ پت جھڑ پودے جنوری میں لگا سکتے ہیں جبکہ پودوں کا انتخاب سفارش کردہ اقسام کے مطابق کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

ترجمان آری نے کہا کہ پودے صحت مند اور پیوندی جوڑ کے پکے اورکم از کم 20سینٹی میٹر تک زمین سے اونچے ہونے چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ باغبان ٹیڑھے اور بھدے پودے باغبات میں لگانے کے لیے ہرگز منتخب نہ کریں اور نرسری سے پودوں کی باغات تک منتقلی کاوقفہ بھی انتہائی کم رکھیں۔انہوں نے کہاکہ باغات میں پودے لگاتے وقت جڑیں اور تنے اس سطح پر رکھیں جتنے نرسری میں تھے۔

انہوں نے کہاکہ پودوں کی غذائی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے کھادوں اور آبپاشی کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ انہوں نے بتایاکہ بارانی علاقوں میں چونکہ آبپاشی کا دارو مدار بارشوں پر ہوتاہے اور بارشوں کا کوئی شیڈول بھی نہیں ہوتالہٰذا باغات لگانے کیلئے ایسے مقامات پر زمین کا انتخاب کریں جہاں متبادل ذرائع سے پانی دستیاب ہو۔