باغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال یقینی بنائیں ، ڈائریکٹر زراعت

185
باغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال یقینی بنائیں ، ڈائریکٹر زراعت

فیصل آباد۔ 14 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہاکہ جون کے دوران موسمی حالات، گرمی کی شدت میں اضافہ، گرم ہوائیں اور لو چلنے سے پھلدار پودوں کو نقصان پہنچ سکتاہے لہٰذاباغبان پھلدار پودوں کی خصوصی دیکھ بھال کریں اور بوقت ضرورت شام کو آبپاشی بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب کے اکثر میدانی اور جنوبی علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں درجہ حرارت 40سے45ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے جو پھلوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے کیونکہ پھلدار پودے زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس سے زائد گرمی پر پھل جھلس جاتاہے، اس کے چھلکے پھٹ جاتے ہیں اور اس کی کوالٹی بری طرح متاثر ہو تی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ باغبان نرسری سے نئے پودے لاتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پیوند کی اونچائی 12سے15انچ سے زائد نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ نئے لگائے گئے آم، کھجور، لیچی کے پودے گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اسلئے ان پودوں پر سائے کا مناسب بندوبست بھی ضروری ہے۔ باغبان مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔