باغبان گلے سٹرے اور کیڑے سے متاثرہ پھل اکٹھے کرکے فوری تلف کریں،محکمہ زراعت

119

فیصل آباد۔ 06 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے مؤثر مہم کاآغاز کردیاہے جس کے باعث آم، امرود، ترشاوہ پھلوں کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ بھی یقینی ہو جائیگاتاہم پھل کی مکھی کے تدارک کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے ترجمان نے کہاکہ باغبان گلے سٹرے اور کیڑے سے متاثرہ پھل اکٹھے کرکے فوری تلف کریں اور آم،امرود، ترشاوہ پھلوں کے باغات میں میتھائل یوجینال اورپروٹین ہائیڈرولائیزیٹ کے جنسی پھندے لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی کے تدارک کی مہم کے تحت باغبانوں کو پھل کی مکھی کے نقصانات سے آگاہی اور باغات کی بہتر دیکھ بھال بارے مہم شروع کی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت پنجاب کے توسیعی افسران آم، ترشاوہ پھلوں اور امرود کے باغبانوں کو پھل کی مکھی کی پہچان، نقصان کی علامات اور تدارک بارے آگاہی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی پاکستانی پھلوں کی برآمدات میں اضافہ کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے

کیونکہ پاکستانی پھل با لخصوص آم، کنواور امرود وغیرہ اپنے مخصوص ذائقوں کی بدولت امریکہ، یورپ اور خلیجی ریاستوں میں بیحد پسند کئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پچھلے چند سالوں سے ان پر پھل کی مکھی کا حملہ مشاہدے میں آرہا ہے جس کی وجہ سے ان کی پیداوار میں کمی اور کوالٹی خراب ہونے کے باعث برآمدمیں مشکلات درپیش آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پھل کی مکھی کے تدارک سے پیداوار و برآمد میں اضافہ سمیت ملکی معاشی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔