بالائی خیبر پختونحوا ،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے، چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، محکمہ موسمیات

59
weather

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوااور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش پشاور میں (ایئرپورٹ 12، سٹی 4)، پٹن 3، اٹک 4 ، راولپنڈی (چکلالہ) میں 2 اوراسلام آباد ایئرپورٹ میں ایک ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔اتوار کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت 50، دادو، سبی 49، بہاولنگر، رحیم یار خان اور شہید بینظیر آباد میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 سے 12 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ جبکہ جنوبی علاقوں(بالائی /وسطی سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔