اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم ( شام /رات ) کے اوقات میں بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔
ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت کی رپورت کے مطابق سبی میں درجہ حرارت 49، دادو 48، سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کرتے ہوئے عید کی تعطیلات اور آئندہ ہفتے کے دوران شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ہفتہ 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی علاقوں(بالائی /وسطی سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔