اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں 18 سے 20 فروری کے دوران تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے جس سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے، اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، پنجاب، شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابرآلود/ابرآلود رہنےکے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری جبکہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات میں درمیانی / موسلادھار بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے اعداوشمار کے مطابق اسکردو میں درجہ حرارت منفی5، لہہ، کالام منفی4، گوپس منفی 3، استور اور بگروٹ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔