اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے 7 دسمبر سے سردی کی لہر میں اضافہ کے حوالہ سے ایڈوائزری جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 7 دسمبر سے ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح بالائی پنجاب میں سردی میں اضافہ کی پیشنگوئی کی ہے۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے 7 اور 8 دسمبر کو راولپنڈی، مری، گلیات،اٹک، چکوال، جہلم سمیت بالائی پنجاب کے دیگر علاقوں میں آندھی، طوفان، بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشنگوئی کی ہے۔
سردی میں اضافہ کے ساتھ کئی مقامات پردھند بھی پڑ سکتی ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ مری نے سیاحوں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران محتاط رہنے اور موسم کی صورتحال کے مطابق سفر کا پروگرام ترتیب دیں۔
مقامی افراد اور سیاح مری کا سفر کرنے سے پہلے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا سے موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔