میلبورن ۔ 2 نومبر (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور نے بال ٹیمپرنگ تنازع کے باعث اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے، انہوں نے بال ٹیمپرنگ واقع پر ریویو رپورٹ میں کرکٹ آسٹریلیا کو ٹیمپرنگ کا ذمہ دار قرار دیئے جانے پر عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ رواں برس مارچ میں دورہ جنوبی افریقہ کے دوران آسٹریلوی کرکٹرز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ بال ٹیمپرنگ میں ملوث پائے گئے تھے اور کرکٹ آسٹریلیا نے تینوں کھلاڑیوں کو معطل کر رکھا ہے۔29 اکتوبر کو سڈنی بیسڈ آرگنائزیشن دی ایتھکس سینٹر نے 145 صفحات پر مشتمل ایک ریویو جاری کیا تھا جس میں کرکٹ آسٹریلیا کو بال ٹیمپرنگ واقع کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، ریویو میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کھلاڑیوں پر ہر حال میں جیت کا دباﺅ تھا اسلئے وہ ٹیمپرنگ کرنے پا مجبور ہوئے، ریویو کے بعد ڈیوڈ پیور پر دباﺅ بڑھ گیا تھا اور بالا آخر انہیں عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔