اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالقادر جعفر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح متاثر کن شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کی تعلیم اور کردار سازی پر زور دیا۔ گزشتہ روز قائداعظم کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان میں وقت کی پابندی، ایمانداری، انتھک محنت اور وطن سے لگن سمیت کئی خوبیاں تھیں اور ان کے قول و عمل میں بھی کوئی تضاد نہیں تھا۔ سابق سفیر کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے برصغیر کے اس عظیم لیڈر قائداعظم محمد علی جناح سے ملاقات کا شرف حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا کسی کے خلاف بھی امتیازی سلوک کی پالیسی پر یقین نہیں تھا۔ عبدالقادر جعفر کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کو کامیاب زندگی گزارنے کے لیے قوم کے روحانی باپ اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے افکار پر عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مذید کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82864