حیدر آباد۔25 دسمبر (اے پی پی) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے141ویں یوم پیدائش کو حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، حیدرآباد پریس کلب میں سماجی تنظیم آئیڈیاز کی جانب سے مختلف شعبوں کے نمایاں افراد میں قائد اعظم ایوارڈ تقسیم کئے گئے اور کیک بھی کاٹا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی شہید بے نظیر آباد نادر ابڑو تھے جبکہ تقریب میں ضلعی انتظامیہ ، پولیس افسران اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تنظیم کے آرگنائزر ریاض احمد نے کہا کہ ہماری تنظیم ہر سال قائد کا یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے مناتی اور مختلف نمایاں افراد کو انعامات اور ایوارڈ دیئے جاتے ہیں نوجوانوں کی ایک تنظیم کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کیک کاٹا گیا جبکہ مسلم لیگی کارکنوں کی جانب سے بھی کیک کاٹنے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا مقررین نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو زبردست خراجِ عقیدت بھی پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہو ئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنائیں گے جس میں ہر پاکستانی کو اسکا حق ملے گا-
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82713