بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنما اور لیڈر تھے ،ڈپٹی کمشنر

157
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf
Deputy Commissioner Muhammad Ashraf

بھکر ۔ 25 دسمبر (اے پی پی):بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ایک عظیم رہنماء اور بلند پایہ لیڈر تھے پاکستان کے حصول کیلئے انکی انتھک جدوجہدہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمداشرف نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول میں یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن شبیر احمد صابری ،اساتذہ کرام اور سٹوڈنٹس نے تقریب میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمداشرف نے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نہ صرف ایک عظیم ہستی تھے بلکہ وہ ملت کا پاسبان بھی تھے جن کی شبانہ روز محنت و لگن سے آج ہم ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے علامہ اقبال کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جس کی بدولت ہمیں ایک اسلامی فلاحی ریاست پاکستان کی صورت میں ملی جو کہ بلاشبہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بیش بہا محنتوں کا ثمر ہے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمداشرف نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے محبوب قائد کی تقلید کرتے ہوئے محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں اور ملکی ترقی کیلئے دن رات کوشاں رہیں۔تقریب سے سی ای او ایجوکیشن اور دیگر مقررین سمیت اساتذہ کرام نے بھی خطاب کیا اور قائد اعظم کے افکار پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی۔

تقریب میں سکولوں کے طلباء کے مابین تقاریری مقابلہ جات بھی منعقد کئے گئے جس میں طلباء نے مختلف انداز میں قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا تقریب کے اختتام پر تقاریری مقابلہ جات کے ونرز طلباء میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔