بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے مفادات کو پاکستانی مفادات پر ترجیح دی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتی ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

119
Khawaja Muhammad Asif
Khawaja Muhammad Asif

سیالکوٹ۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے مفادات کو پاکستانی مفادات پر ترجیح دی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ کینٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی کمٹمنٹ پاکستان سے نہیں صرف اقتدار سے ہے کیونکہ ان لوگوں کے لیے سب کچھ اقتدار ہی ہے، ہم کسی صورت بھی پی ٹی آئی سے بلیک میل نہیں ہوں گےاور احتجاج کی آڑ میں ملک میں بد امنی و انتشار اور انارکی پھیلانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 15 تاریخ کو پھر دھرنے کی کال دی ہے جو ان کے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کانفرنس کو ثبوتاثر کرنے کی بھونڈی حرکت ہے، پہلے بھی 2014میں انہوں نے چینی صدر کے دورے کو منسوخ کرنے کے لیے دھرنا دیا تھا، ہفتہ پہلے بھی یہ لوگ ایسا کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صرف انتشار پھیلانے سے غرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تو جیل میں بات تک نہیں کرنے دی جاتی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی کو تو ساری سہولتیں دے رکھی ہیں، پاکستان کی سالمیت کے خلاف انکے حملے کے بیان پر نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ لوگ دوبارہ 9 مئی کو دہرانا چاہتے ہیں، 2014ء کے دھرنے کے بعد سے یہ لوگ ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کے در پہ ہیں، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عزت و توقیر ہو، پاکستان کو پذیرائی حاصل ہو، یہی وجہ ہے کہ آئے روز انتشاراور انارکی پھیلانے میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے مذموم مقاصد کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گےاور ملکی سالمیت پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف ریاست کی پوری طاقت استعمال کریں گےاور اس حملے کو روکنے کے لیے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی کیونکہ ہم کسی صورت بھی پاکستان پر حملے اور اسکی ساکھ کو متاثر کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے کبھی دہشت گردوں کی مذمت نہیں کی بلکہ پاکستان میں دہشت گردوں کو ان لوگوں نے ہمیشہ سپورٹ ہی کیا ہے، یہ لوگ ہمارے شہداء کے جنازے تک نہیں پڑھتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بس ملک میں انتشار کے لیے کوشاں ہیں ، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے، ہر شعبہ ترقی کر رہا ہے لیکن پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راستہ روکنا چاہتی ہے، اسوقت جب کئی ملکوں کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں ،یہ پاکستانی ساکھ کو ثبوتاثر کرنے کے در پہ ہیں لیکن ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے کیونکہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے ۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو چاہیے کہ وہ پاکستانی سالمیت پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف نوٹس لے، ریاست کے خلاف حملہ آور ہونے والوں کے خلاف پوری طاقت استعمال کی جائے گی،اس حملے کو روکنے کے لیے ریاست کی پوری طاقت استعمال ہو گی، ہم کسی صورت بھی پاکستان پر حملے اور اسکی ساکھ کو متاثر کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج اور دھرنوں سے 190 ارب روپے کا روزانہ کا نقصان ہوتا ہے اگر یہ لوگ ملک کو چلنے دیں تو یہی پیسہ عوامی ریلیف اور فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا سکتا ہے لیکن یہ لوگ ملک کو چلنے ہی نہیں دیتے کیونکہ یہ ملک و قوم کے خیر خواہ ہے ہی نہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیل سے بڑھ کر کوئی جگہ محفوظ نہیں وہاں کیمرے لگے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی بلاوجہ کا جھوٹا واوایلا کر رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنے مفادات کو پاکستانی مفادات پر ترجیح دی ہے۔