لاہور۔29اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا نہیں اڈیالہ جیل کے قیدیوں کا الیکشن لڑنا چاہیے،ہر ہفتے نئے بیانیے بنانے والا لیڈر نہیں ہوتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ عظمی بخاری نے کہاکہ جو شخص پورے پاکستان سے زیادہ مغرب کو جانتا تھا اس کو آج مغربی میڈیا ’’ڈس گریس‘‘کا لقب دے رہا ہے،بانی پی ٹی آئی کی کرپشن کی داستانیں 4 سال سے عالمی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دو مرتبہ بانی پی ٹی آئی دورمیں کرپشن انڈکس اوپر جانے کی نشاندہی کی ۔
انہوں نے کہا کہ دامن میں توشہ خانہ کی گھڑیاں اور 90 ملین پائونڈ چھپائے، آکسفورڈ کے چانسلر کا الیکشن لڑنے چلے ہیں،9 مئی کی ناکام بغاوت کے سنگین مقدمات انڈر ٹرائل ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا نہیں بلکہ اڈیالہ جیل کے قیدیوں کا الیکشن لڑنا چاہیے، کرپٹ پریکٹسز اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ جیسے مقدمات میں سزا یافتہ شخص کا آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنا ویسے ہی باعث ندامت ہے۔