بانی پی ٹی آ ئی کو اپنی غلطیوں پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے،جاوید لطیف

210
Javed Latif

لاہور۔8اگست (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آ ئی کو اپنی غلطیوں پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے ،سانحہ 9 مئی کے کرداروں نے کسی ادارے کو نہیں چھوڑا،جی ایچ کیو پر باقاعدہ منصوبہ بندی سے حملہ کیا گیا،پاکستان کی معیشت کی بربادی میں پی ٹی آ ئی کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں جاوید لطیف نے9 مئی واقعات پر بانی پی ٹی آ ئی کی جانب سے مشروط معافی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے ساتھ چار سال تک کھلواڑ کرنے کے بعد بانی پی ٹی آ ئی کہہ رہے ہیں کہ معافی مانگ لوں گا،سانحہ 9 مئی کے کردا ر کس کس سے معافی مانگے گے،بانی پی ٹی آ ئی کو اپنی غلطیوںپر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ2014 میں پی ٹی آ ئی نے دھرنوں کے دوران جلائو گھیرائو کاآ غاز کیا اور جی ایچ کیو پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا،سانحہ 9 مئی کے کرداروں نے قومی املاک کو نشانہ بنایا اور کسی ادار ے کو نہیں چھوڑا جہاں پر انہوں نے توڑ پھوڑ نہ کی ہو ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کہہ رہے ہیں کہ مجھے9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز دکھائی جائیں،کیا وہ بتانا پسند کریں گے کہ حسان نیازی، یاسمین راشد،حماد اظہر،شاندانہ گلزار اور متعدد پی ٹی آ ئی کے شر پسند کارکنوں کے بارے میں کیا ایکشن لیا تھا جنہوں نے ملک میں جلائو گھیرائو اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا ۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی نے کہا تھا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو اس کا سخت رد عمل آ ئے گا، مسلم لیگ( ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا لیکن ہماری پارٹی کے کسی کارکن نے کوئی جلائو گھیرائو نہیں کیا اور نہ ہی کسی قومی ادارے کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پرویز الہی کو گرفتار کرنے کیلئے زمان پارک گئی تو اس پر بھی پٹرول بم کا استعمال کیا گیا ۔ بانی پی ٹی آ ئی نے اپنے چار سالہ دور میں پاکستان کی معیشت کے ساتھ گھنائونا کھلواڑ کیا اور معاشرت کو تباہ و برباد کر دیا ،کیا اس پر وہ معافی کے مستحق ہیں؟۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت مشکلات کا شکار ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،گیس، بجلی کے بلز ہماری پہنچ سے دور ہیں،ان سب حالات کی ساری ذمہ داری بانی پی ٹی آ ئی پر عائد ہوتی ہے جس کی وجہ سے آج ملکی معیشت اس نہج پر پہنچ چکی ہے۔