بانی پی ٹی آئی کے دور میں جو کچھ ہوا س کی مثال نہیں ملتی، وزیردفاع خواجہ آصف

90
ملکی معیشت بتدریج بہتر ہوتی جا رہی ہے ، ملک ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرتا جا رہا ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔12جنوری (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں جو کچھ ہوا س کی مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ ذاتی مفاد کو ترجیح دی اور حال ہی میں سیاسی مفاد کیلئے ان لوگوں نے اسلام آباد پر چڑھائی کی،پی ٹی آئی کے لوگ سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف مذموم مہم چلا رہے ہیں لیکن عوام نے پی ٹی آئی کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے،میں اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں مکمل طور پر متفق اور حق میں ہوں لیکن پی ٹی آئی کے جو لوگ مذاکرات کر رہے ہیں وہ خود اپنے لیڈر سے مخلص نہیں ہیں۔

اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں لوٹ مار عروج پر تھی، ان لوگوں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ذاتی فواہد حاصل کئے اور 190ملین پائونڈ کا کیس بھی اس کی ایک جھلک ہے، 190ملین پائونڈسرکار اورپاکستانی عوام کے پیسے تھے جو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستانی حکومت کو بھجوائے لیکن بانی پی ٹی آئی نےذاتی فوائد کے حصول کیلئے وہ رقم ایک شخص کے اکائونٹ میں جمع کروا دی،القادر یونیورسٹی میں کتنی کلاسیں ہوتی ہیں، کتنی ڈگریاں دی جاتی ہیں، وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے، اس یونیورسٹی کا کیا کردار ہے اس بارے میں میڈیا کو چاہیئے کہ وہ خود وہاں جا کر تحقیقات کرے اور دیکھے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے ، اب تک چار سالوں میں وہاں کتنے لوگ فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور کتنے طلبا وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ابھی عدالت نے 190ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ دینا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ آج بھی ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، ان لوگوں سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، یہ انتشار پھیلا کر ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، ان کے تمام منفی حربے پہلے بھی ناکام ہوئے اور آئندہ بھی ان لوگوں کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی قیادت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر اپنے ملک نہ بھیجنے کا حربہ بھی استعمال کیا لیکن عوام نے ان کی انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پہلے سے بھی زیادہ ترسیلات زر بھجوائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صرف جھوٹ بولتے ہیں ، 35 پنکچرز سے لیکر آج تک کسی بھی بات کا ثبوت نہیں دے سکے لیکن پروپیگنڈا میں سب سے آگے ہیں، ان کے تمام تر منفی حربے پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کا محاسبہ جاری رکھا جائے گا ،ان کی ساری حقیقت عوام کے سامنے آ چکی ہے اور مزید بھی یہ لوگ بے نقاب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ امریکہ کے بارے میں ایبسو لوٹلی ناٹ کا شور ڈالتے تھے لیکن اب ایبسولوٹلی یس ہو چکا ہے ،یہ لوگ امریکہ کی منت سماجت کر رہے ہیں۔