اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات ، بیٹوں سے فون پر بات و دیگر جیل سہولیات فراہمی سے متعلق درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت سے جاری تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں عدالت کاکہناہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا مستقل بنیادوں پر میڈیکل چیک اپ ہوتا ہے،اگر کسی قسم کی کوئی شکایت ہو تو مناسب انتظام کرکے پرائیویٹ طور پر بھی چیک اپ کرایا جا سکتا ہے،جیل مینوئل کے مطابق جیل میں بیرون ملک فون کال کی سہولت موجود نہیں ہے،بیرون ملک فون کال کی سہولت تب دی جاتی ہے جب عدالتی آرڈر موجود ہو۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق منگل و جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے وکلاء اور فیملی کی ملاقات کرائی جاتی ہے،جیل رولز کے تحت بانی پی ٹی آئی کو ان کی مرضی کے مطابق دو اخبارات دیئے جاتے ہیں۔شیڈول کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات جمعرات کو ہوتی ہے،عدالتیں گاہے بگاہے جیل سہولیات فراہم کرنے سے متعلق جو آرڈر دیتی رہیں ان پر عمل ہوتا رہا ہے،متعلقہ سہولیات بانی پی ٹی آئی کو مل رہی ہیں اور اس ہر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بھی مطمئن ہیں۔ جیل رولز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں،بانی پی ٹی آئی کے وکیل جیل سہولیات فراہم کرنے سے متعلق مطمئن ہیں لہذا مداخلت کی ضرورت نہیں ہے،عدالت ہدایات کے جیل سہولیات فراہم کرنے کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹاتی ہے۔