لاہور۔27نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ با باگورو نانک دیو جی کردار کے صوفی تھے ،بابا نانک جی کی ذات تمام مذاہب کے لوگوں کے لئے احترام کی حامل ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے پیر کو ننکا نہ صا حب میں گورو نانک دیو جی کے 554ویں جنم دن کی تقریب سے خطاب ہو ئے کیا ۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ بابا نانک جی صرف قول کے ہی نہیں بلکہ کردار کے بھی صوفی تھے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں اور وہ مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی زندگیاں بسر کر رہے ہیں، آج ہم توحید کے پرچارک بابا دیو گورونانک جی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں،بابا نانک دیو جی انقلابی سوچ کے حامل تھے، ان کی تعلیمات کی بدولت نچلے طبقے کے انسان کو اپنی اہمیت کا احساس ہوا اور اس نے اپنے حق کے حصول کے لئے ظالموں کو للکارا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بابا گورونانک دیو جی نے خود کھیتی باڑی کر کے لوگوں کو محنت اور حلال کی کمائی کا درس دیا ، ان کی ذات رواداری اور امن ، محبت کا پیغا م پھیلانے والوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔ انیق احمد نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں تمام مذاہب کے لوگوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا اظہار ہے کہ بابا نانک جی ہم سب کے سانجھے ہیں،بابا نانک جی نے لوگوں کو جوڑنے کا جو فلسفہ پیش کیا ، آج اس فلسفے اور نظرئیے کا جیتا جاگتا مظاہرہ یہاں موجود ہے ، جس سے لو گوں کی بابا نانک جی سے عقیدت کا اظہار ہوتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بابا نانک جی کی ذات تمام مذاہب کے لوگوں کے لئے احترام کی حامل ہے
مگر مسلمان خصوصا ان کے توحیدی نظرئیے کی بدولت ان سے خاص کا رشتہ رکھتے ہے ،توحید کی اسی مشترکہ سوچ کے باعث مسلمانوں نے بابا گورو نانک جی کو اپنا مانا اور انہیں ایک درویش جان کر احترام دیا ،آج بھی ہزاروں مسلمان ان کے اس جنم استھان اور جوتی جوت استھان پر حاضری دے کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ انیق ا حمد نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں اپنے مذہبی عقائد پر پوری آزادی سے عمل پیرا ہیں، تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل سیا سی ، اقتصادی اور شہری حقوق حاصل ہیں۔
وفا قی وزیر نے کہا کہ ہمارے قائدین بڑے وژن والے لوگ تھے ۔جنہوں نے آج سے سو سال پہلے اپنے دشمنوں کے اصل گھنائونے چہرے کو پہچان لیا اورایک آزاد ملک کی جستجو میں اپنے سکھ اور چین کی قربانی دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنا یا ۔ انیق احمد نے کہا کہ آج پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں اور مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ اپنی زندگیاں بسر کر رہے ہیں۔
وفا قی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے تحت متروکہ وقف املاک بورڈ نے آپ کو سہولیات فراہم کرنے اور گورودواروں کی تعمیر نو اور دیکھ بھال کے حوالے سے مثالی کام سر انجام دئیے ہیں،گورو نانک دیو جی کی جائے پیدائش ہونے کے باعث ننکانہ صاحب کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے،اس شہر کا انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور مفاد عامہ کے دوسرے شعبوں میں بہتری لانے کے لئے ہم اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ وفا قی وزیر نے کہا کہ ہم آپ یاتریوں کے لئے ہمیشہ اپنی خدمات کوحاظر رکھیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414529