سرینگر۔22اکتوبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے بجبہاڑہ قتل عام کے شہداء کو ان کے 30ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 22اکتوبر 1993کو ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 50سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو اس وقت شہید کیا تھا جب وہ سرینگرمیںدرگاہ حضرت بل کے فوجی محاصرے کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے میں شرکت کررہے تھے۔ حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، عبدالاحد پرہ، سلیم زرگر، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، فریدہ بہن جی، مولانا مصعب ندوی، جاوید احمد میر، فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو شہداء کی قربانیوں کی بدولت آزادی اور سیاسی انصاف ملے گا۔
غیر قانونی طور پر نظربندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ 1947میں جموں و کشمیر پر حملہ بھارت کی نوآبادیاتی تاریخ کا سب سے خوفناک واقعہ ہے جس نے خطے کو عدم استحکام اور مسلسل تشدد کی طرف دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار خطے میں قتل وغارت اور تباہی کا باعث بنا ہواہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے دوکشمیریوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظر بندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکام کو انہیں فوری طورپر رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم اور کشمیر ڈائیسپورا کولیشن نے واشنگٹن میں جاری ایک مشترکہ بیان میں فلسطین اور کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں متنازعہ خطوں میں قابض اسرائیلی اوربھارتی حکومتوں کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا سلسلہ روکاجا سکے۔دریں اثناء سکھ برادری کی بڑی تعداد نے امریکہ میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سکھ مظاہرین نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سکھوں کے لیے ایک آزاد ریاست خالصتان کے قیام کی کھل کر حمایت کرے۔ مظاہرین نے خالصتان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔