بجلی صارفین کو ریلیف پر پراپیگنڈا افسوس ناک ، ن لیگ کی سیاست فقط عوام کی خدمت ہے، مریم اورنگزیب

بجلی صارفین کو ریلیف پر پراپیگنڈا افسوس ناک ، ن لیگ کی سیاست فقط عوام کی خدمت ہے، مریم اورنگزیب

186
Maryam Aurangzeb

لاہور۔18اگست (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی صارفین کو دیئے گئے ریلیف پر پراپیگنڈا افسوس ناک اور صوبوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش ہے ،عوام کے لئے آ سانیاں پیدا کرنا مسلم لیگ ن کی سیاست رہی ہے، صحت کارڈ میں شفافیت لائی جا رہی ہے،پی ٹی آئی نے چار سال میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ مسلم لیگ ن عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی سیاست کرتی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف فراہمی کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں،

حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی آ ئی ہے ، عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا مسلم لیگ (ن)کی سیاست کا مطمع نظر رہا ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے ہر دور حکومت میں عوام کو مشکلات سے نکالا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے201 سے 500 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو14 روپے فی یونٹ ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کا ریلیف دیا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کی طرح ملک کے دیگر صوبائی حکومتیں بھی صارفین کو ریلیف دیں،پنجاب حکومت نے ایک میکانزم بنا دیا ہے جسے دوسرے صوبوں کو بھی فالو کرنا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کچھ لوگ بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر پراپیگنڈا کر رہے ہیں جو ایک نہایت افسوس ناک بات اور صوبوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش ہے،کچھ عناصر کا فقط کام عوام میں مایوسی اور انتشار پھیلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست فقط عوام کی خدمت اور وزیر اعلی مریم نواز صوبے کی سب سے بڑی سولر سکیم لا رہی ہیں،ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،ای بائیکس اور ذہین طلبہ کو سکالر شپس دیئے

جبکہ پی ٹی آ ئی نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم دیکر ان کی ذہن سازی کی گئی ،انہیں ملک میں جلائو گھیرائو کی سیاست کرنے پر ابھارا گیا ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 4 سال کوئی ریلیف نہ دینے والوں نے محمد نواز شریف کے دیئے گئے ریلیف بھی عوام سے چھین لئے، ان شکلوں کو عوام کا ریلیف گوارہ نہیں، یہ صرف تباہی چاہتے ہیں، انتشاری ٹولہ چار سال میں ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے گیا، مسلم لیگ ن نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ، ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اخلاق سے گری بات کی گئی کہ محمد نوازشریف نے بجلی پر ریلیف کا اعلان کر کے اپنا قد چھوٹا کیا، چھوٹے قد والے لوگ ریلیف پر تنقید کر رہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب کے علاوہ باقی صوبوں کوبھی وفاق کا ہاتھ بٹانا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ 4 ماہ پہلے شرح سود 22 فیصد اور مہنگائی 26 سے 27 فیصد تھی، مہنگائی میں کمی سے شرح سود میں بھی کمی ہو رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی ہدایت پر ہی پنجاب اور وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات کوشش کر رہی ہے، محمد نواز شریف مسائل میں گری پاکستانی عوام کو مشکلات سے نکالنے کا درد رکھتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے چار سالہ دور حکومت میں ریاست کے خلاف پراپیگنڈہ کرتے رہے،

انہیں حکومتی نظام سنبھالنے کا کو ئی تجربہ نہیں تھا، شواہد مل رہے ہیں کہ ان کے کس کس سے روابط تھے، آہستہ آہستہ ان کے چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں،نو مئی کے ملزموں کو سزا ضرور ملنی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک ادارے کا خود احستابی کا عمل شروع کرنا خوش آ ئند ہے ،جو کسی ادارے کا نام بدنام کرتے ہیں، انہیں سزا ملنی چاہیے،جو جو بھی اس میں ملوث ہے، ادارے کو اس کا احتساب کرنا چاہیے،احتساب کا ادارہ محمد نواز شریف کا ہی لگایا ہوا پودا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2014 ء میں محمد نواز شریف نے عوام کو صحت کارڈ دیا تھا اور خیبر پختونخواہ سے جہاں تحریک انصاف کی حکومت تھی شروع کیا گیا ،صحت کارڈ میں شفافیت لائی جا رہی ہے تاکہ اہل لوگوں کو یہ کارڈ دیا جا سکے ۔انٹر نیٹ کی بحالی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، جس کی بحالی جلد ممکن بنا دی جائے گی ۔