بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے کاشتکار اپنی درخواستیں 6 جنوری تک جمع کرا سکتے ہیں، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

131

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کسان پیکج کے تحت صوبہ پنجاب میں9 ارب روپے کی لاگت سے8 ہزار بجلی و ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے کاشتکاروں سے درخواستیں مطلوب ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نےکہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے تحت اس منصوبے کا مقصد کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی اور توانائی کے بحران کو کم کرنا ہے۔اس پروگرام کے لیے درخواست دہندہ کے نام زمین کی رجسٹری ہونا لازمی ہے۔اس منصوبے کے تحت30 اکتوبر 2024 سے قبل تنصیب شدہ بجلی و ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان نےکہا کہ خواہش مند کاشتکار6جنوریتک اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔سولرائزیشن آف ٹیوب ویل پروگرام کے تحت شمسی زرعی ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے لیے حکومت تین مختلف پاور کٹس پر سبسڈی فراہم کرے گی جن میں 10 کلو واٹ پر 5 لاکھ روپے، 15 کلو واٹ پر 7.5 لاکھ روپے اور 20 کلو واٹ پر10 لاکھ روپے کی سبسڈی شامل ہے جبکہ بقایا رقم کاشتکار خود ادا کریں گے۔اس منصوبہ کے تحت کسانوں کو توانائی کے کم خرچ اور پائیدار حل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا بلکہ کاشتکاروں کو بجلی کے بلوں سے بھی نجات ملے گی۔اس ضمن میں درخواست دہندگان

محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے فارم ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں یا آن لائن اپلائی کرنے کیلئے https://cmstp.punjab.gov.pk کے لنک پرکلک کریں۔ مزید معلومات کے لیے خواہشمند کاشتکار زرعی ہیلپ لائن نمبر17000۔0800پر پیرتا ہفتہ صبح 8 تاشام 8 بجے تک رابطہ کریں۔