حیدر آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجلی ، گیس اور مالی بحران کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت میں ڈال دیا ہے حزب اختلاف صبر کرے تین سال بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ،کرپشن کا ہر سطح پر خاتمہ کریں گے ، وزیر اعظم کا مجھ سمیت اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے، حیسکو میں اصلاحات لائیں گے ، نئے گرڈ اسٹیشن ، ٹرانسفارمر ورکشاپ اور فیڈرز قائم کئے جارہے ہیں،نیلم و جہلم ٹیکس کا جلد جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہائوس حیدرآباد میں پریس کانفرنس ،معززین سے خطاب اور وفود سے ملاقاتوں میں کیا اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسمعٰیل،سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ،سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ ،ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی ، پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی ، خرم شیر زمان اور دیگر بھی موجود تھے عمر ایوب نے کہاکہ مسائل و مشکلات موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں اور گیس و بجلی اور مالی بحران کی اصل ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں انہی کی وجہ سے مہنگی بجلی فراہم کرنا پڑ رہی ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے پانی ، ہوا اور سورج سے بجلی پیدا کرنے اور گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کے بجائے آئی پی پیز معاہدے کئے ، رینٹل پاور اور فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کے اسٹیشن انہیں کے زمانے میں قائم ہو ئے جس کی وجہ سے آج مہنگی بجلی فروخت کرنا پڑ رہی ہے تاہم موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ شمسی توانائی ، پانی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کو فوقیت دی جائے تھر کول سے بجلی کی ابھی باقاعدہ پیدا وار شروع نہیں ہو ئی تاہم قاعدے کے مطابق یہ نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی اور پھر ملک کے دیگر حصوں کو تقسیم ہو گی یہ کسی قسم کے تعصب کی بات نہیں ہے بجلی جہاں سے بھی پیدا ہو تی ہے وہ نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل ہو تی ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ سندھ حکومت نے گیس کے کنویں نیلام نہیں کئے اور نہ گیس کے نئے ذخائر پی پی اور نواز لیگ نے تلاش کئے جس کی وجہ سے ملک میں گیس کا بحران پیدا ہورہا ہے سندھ میں گیس کے7فیصد ذخائر کم ہوچکے ہیںپاکستان میں گیس کی قلت آرہی ہے سندھ حکومت کو 20بلاکس کا آکشن کرنا تھا نہیں کیاتاہم موجودہ حکومت جو منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے اس کے بعد پورے ملک میں ایل این جی دستیاب ہو گی نئے ذخائر بھی مل رہے ہیں لیکن اس کے ثمرات پانچ سال بعد ملیں گے انہوں نے کہاکہ مالی بحران کی ذمہ دار بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتیں ہیں مسائل و مشکلات ہمیں ورثے میں ملے ہیں انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے بعد سے 2008ءتک پاکستان پر بیرونی قرضوں کا حجم 7ہزار ارب روپیہ تھاجو زرداری کی حکومت میں14ہزار ارب ہو گیا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں30ہزار ارب روپیہ ہو گیا نون لیگ نے24ارب روپے تندور مہم میں خرچ کر ڈالے اور پنجاب کے دیگر حصوں کو پسماندہ رکھ کر مہنگے میگا منصوبے لائے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت میں ڈال دیا ہے جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے حزب اختلاف صبر کرے 3سال بعد انتخابات ہو نگے اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا پی ڈی ایم کی تحریک سے موجودہ حکومت کا نہیں ملک کا نقصان ہے یہ بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اور مخالفت میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں ان کی تحریک کا ایک مقصد اپنی کرپشن چھپانا اور لوٹی ہوئی دولت بچانا ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اپنی ٹیم اور مجھ سمیت اپنی کابینہ سے مطمئن ہیں ہم دورے کرکے اپنی اپنی وزارتوں کے کام کا جائزہ لے رہے ہیں حیدرآباد آنے کا مقصد بھی یہی ہے حیسکو کے حوالہ سے صنعتکاروں ، تاجروں ، معززین اور اراکین اسمبلی نے تجاویز دی ہیں اور شکایات بھی بہت ہیں ہم اسکا کھلے دل سے جائزہ لے رہے ہیں ہم نے عہد کیا ہے کہ کرپشن کا ہر سطح پر خاتمہ کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ میں خود تین ماہ بعد اپنے کئے گئے فیصلوں کو جائزہ لینے حیدرآباد آ ئوں گا ہم نے حیسکو میں لوڈ شیڈنگ اور اور بلنگ ،ڈیڈیکشن بلز کے اجراءپر غور کیا ہے اور بجلی چوری کی روک و تھام کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں حیسکو میں ٹرانسفارمر کے 4ورکشاپ قائم کئے جارہے ہیں نئے گرڈ اسٹیشن ، فیڈرز بھی قائم ہو نگے ،کرینوں و دیگر آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ حیسکو کا بورڈ آف ڈائریکٹر بھی نیاقائم ہو گا اس حوالہ ایک ہفتہ میں حیسکو حکام مجھے رپورٹ دیں گے انہوں نے کہاکہ نیلم و جہلم منصوبہ شروع ہو چکا ہے تاہم صارف سے اس کا جو ٹیکس لیا جارہا ہے اس پر جلد فیصلہ ہو گا-