لاہور۔3اپریل (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے حکومت کی جانب سے بجلی کے ٹیرف میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتوں کیلئے مجموعی پیداواری لاگت کم ہو گی اور پاکستانی مصنوعات عالمی مارکیٹوں میں زیادہ مسابقتی بن جائیں گی۔
جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہو چکی تھی،ٹیرف میں کمی کے بعد صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا،سرمایہ کاری راغب ہو گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بجلی کے ٹیرف میں کمی کا فیصلہ صنعتی صارفین اور عوام دونوں کیلئے ایک بڑا ریلیف ہے،یہ فیصلہ اقتصادی استحکام میں معاون ثابت ہو گا ،اس سے صارفین کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا اور تمام شعبوں میں مالی دبائو کم ہوگا،یہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا،توانائی کی قیمتیں براہ راست اشیا اور خدمات کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی ایک اہم تبدیلی ثابت ہو گی جس سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور عوام سکھ کا سانس لیں گے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے یہ بہت بڑا ریلیف ہے جبکہ ٹیرف کم ہونے کے بعد مہنگائی میں کمی سے بھی وہ براہ راست مستفید ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578195