اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):حکومت پاکستان ، وزارت توانائی پاور ڈویژن اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں اور بل نہ ادا کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آئیسکو محمد نعیم جان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس،ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے آئیسکو ڈیٹیکشن ٹیموں نے جاری کارروائیوں کے دوران بجلی چوروں کو 67 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے ، قانونی کارروائیوں کے دوران1907 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا۔
آئیسکو ریکوری ٹیموں نے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد صارفین سے اب تک 3 ارب 94 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات وصول کئے اور بل نہ ادا کرنے والے متعدد صارفین کے میٹرز اور ٹرانسفارمرز منقطع کر دئیے۔آئیسکو چیف نے مزید کہا کہ مضبوط معیشت ،خوشحال اور روشن پاکستان کیلئے ہمیں مل کر بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل گرفت میں کرنا ہے ، صارفین قومی اور اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی کے بل مقررہ تاریخ تک ادا کریں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور سسٹم اپ گریڈیشن کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔