بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ، 24گھنٹوں میں 37 چور پکڑ کر ساڑھے19 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا،سی ای او فیسکو

157
Crackdown against
Crackdown against

فیصل آباد۔ 03 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ کمپنی کابجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری ہے اور 24گھنٹوں میں مزید37 بجلی چور پکڑے گئے ہیں جنہیں 74 ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں ساڑھے19 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائدکرنے کے علاوہ ان کے بجلی کے کنکشن منقطع اور ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کےلئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواستیں بھی جمع کروادی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکوریجن کے آٹھوں اضلاع کے چھ آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ267روزکے دوران کل8569بجلی چور پکڑے گئےجن کو ایک کروڑ99لاکھ سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس پر مشتمل 88کروڑ سے زائدکاجرمانہ عائدکیاگیا ۔ان کا کہنا تھا کہ فیسکو ریجن میں مجموعی طور پر8454بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج ، 6621بجلی چوروں کوگرفتارکیاگیا اس کے علاوہ بجلی چوروں سے63کروڑ73لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں 8027گھریلو،272 کمرشل،243زرعی اور31انڈسٹریل صارفین ملوث پائے گئے۔

سی ای او نے کہا کہ فیسکوفرسٹ سرکل سے اب تک2022بجلی چوروں کو46لاکھ65ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور20کروڑ 35لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیاگیا،اسی طرح سیکنڈسرکل سے1556بجلی چوروں کو38لاکھ 41ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 16کروڑ 13لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ فیسکوجھنگ سرکل سے کل974بجلی چوروں کو28لاکھ 38ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 10کروڑ15لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیاگیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ سرگودھا سرکل سے1248بجلی چوروں کو28لاکھ99ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 13کروڑ54لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیاگیا۔

علاوہ ازیں میانوالی سے کل2181بجلی چوروں کو43لاکھ 27ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور20کروڑ85لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیا گیاجبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل سے کل585بجلی چوروں کو13لاکھ87ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 6کروڑ97لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائدکیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران فیسکور یجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں 53لاکھ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور کسی جگہ بھی کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی کیونکہ فیسکو کو اس کی طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر ن کہا کہ وزارت توانائی کی ہدایات پر فیسکو ریجن میں بجلی کی طلب و رسدمتوازن ہونے اور فیسکو کے تمام 1306فیڈرزاے کیٹیگری میں شامل ہونے کے باعث کہیں بھی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جا رہی اور فیسکور یجن کے آٹھوں اضلاع میں تمام صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے تمام فیڈرز کیٹیگری ون میں آتے ہیں جو لوڈ شیڈنگ سے مکمل طور پرمستثنیٰ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ ہیٹ ویوکے پیش نظرفیسکو ریجن میں تمام مرمتی کاموں کے پرمٹ کینسل کردیے گئے ہیں تاکہ اس سخت گرم موسم میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی انفرادی شکایات کا بھی ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجارہا ہے تاہم صارفین کسی فالٹ کی صورت میں فیسکو کی موبائل ایپلیکیشن "فیسکو لائیٹ”کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں، علاوہ ازیں صارفین اپنے بجلی بلوں پر موجودسب ڈویژنل دفاترکے نمبریاہیلپ لائن 118 پر کال اور 8118 پر میسج کے ذریعے بھی اپنی شکایات کااندراج کراسکتے ہیں۔