راولپنڈی۔ 23 مئی (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر امجد کے ہمراہ انسداد بجلی چوری اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث افرادکی وجہ سے لوگوں کولوڈشیڈنگ اور اوورچارجنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ آئیسکو کیساتھ مشترکہ طور پر بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کارروائی تیز کریں اور تمام اضلاع میں ریکوریز کو سو فیصد تک یقینی بنائیں۔
بڑے بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کے بجلی کنکشنز فوری منقطع کیے جائیں۔ کمشنر نے بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈویژن بھر تمام بڑی چھوٹی انڈسٹریز اور برف کے کارخانوں کو خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمرشل سیٹلمنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ وہاں بجلی چوری کا خدشہ زیادہ ہے۔ انجینئر عامرخٹک نے ڈپٹی کمشنر اٹک اور جہلم کو ہدایت کی کہ وہاں کریشرز زیادہ ہیں اس لئے ان پر خاص طور پر چیکنگ کی جائے۔ اسی طرح مری میں بہت سے ہوٹلز میں ہیٹرز بجلی پر لگائے جاتے ہیں ان کو بھی چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں سے انفرادی وصولی کی جائے نہ کہ پورے علاقے یا گاؤں پرجرمانہ ڈالا جائے