لاہور۔12جون (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کےخلاف کارروائی تیزی سے جاری ہے،یکم جون سے اب تک کارروائیوں میں 210 ملزمان گرفتار اور 398مقدمات درج کئے گئے۔
جمعرات کو جاری بیان میں سی سی پی او نے بتایا کہ رواں سال بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں 15011ملزمان گرفتار،11867مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال ٹائون ڈویژن میں بجلی چوری کے1921ملزمان،صدرمیں 2965، کینٹ میں 5011، ماڈ ل ٹائون میں 2680، سٹی میں 1672اور سول لائنز میں 762ملزمان گرفتار کئے گئے۔
سی سی پی او نے کہا ہے کہ بجلی چوری سے ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، لاہور پولیس بجلی چوری کی روک تھام کےلئے متعلقہ محکموں کو بھرپورمعاونت فراہم کر رہی ہے،بجلی چوری کے مقدمات کو موثر فالو اپ سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ان مقدمات میں چالان پراسیکیوٹرز کی معاونت سے بروقت مکمل کر کے عدالتوں میں جمع کروائے جائیں۔