بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کے دوران 6کروڑ 82 لاکھ 86 ہزار کے جرمانے

123
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کا 7 ستمبر سے جاری بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے تفصیلات کے مطابق آئیسکو کے تمام آپریشن سرکلز میں دوران چیکنگ 1 ہزار 26 صارفین بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے جنہیں 14 لاکھ 83 ہزار یونٹس کی مد میں 6 کروڑ 82 لاکھ 86 ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے بجلی چوری کے خلاف 328 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں جبکہ 28 افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ۔

ترجمان آئیسکو کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ایسے صارفین جنہوں نے تین ماہ سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں کی اور ایسے صارفین جن کے میٹرز بوجہ عدم ادائیگی کٹے ہوئے ہیں ان کے خلاف بھی ریکوری ٹیموں کی بھرپور کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جاری مہم میں ریکوری ٹیموں نے 18 کروڑ 80 لاکھ سے زائد کے واجبات کی وصولی کو یقینی بنایا ہے۔چیف ایگزیکٹیو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا کہ حکومت اور وزارت توانائی کی سربراہی میں دونوں مہم جاری رہیں گی اور کمپنی اس ویژن پر سو فیصد عمل پیرا رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروائیوں کا بلا امتیاز سلسلہ جاری رہے گا کیوں کہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی روشن پاکستان کی جانب رکاوٹ ہے۔ڈاکٹر امجد نے مزید کہا کہ آئیسکو کی آپریشن اور ریکوری ٹیموں کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ میسر ہے،انہوں نے آئیسکو کی تمام فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہم نے ہر صورت اس مہم کو کامیاب بنانا ہے۔