کوئٹہ۔ 06 ستمبر (اے پی پی):کیسکوبورڈآف ڈائریکٹرکے کنونیئر برائے ریکوری کمیٹی نعمان خان ناصر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیر انتظام تمام علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈآپریشن شروع کردیاگیاہے ، بجلی چوری میں ملوث صارفین کے کنکشنز منقطع کردیئے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرز انجینئر عبدالوہاب مگسی، چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی اور دیگربور ڈممبران کے علاوہ کیسکوکے چیف انجینئرز اور تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایگزیکٹوانجینئر اور سب ڈویژنل افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر نعمان خان ناصرنے کہاکہ تمام متعلقہ افسران اپنے علاقوں کے فیڈرز کے لاسز کے حساب سے لسٹ مرتب کریں جس میں نادہندگان کی فہرست کو بھی شامل کیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ تمام آپریشن سرکلز روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔نعمان خان ناصرنے کہاکہ کمرشل پلازوں کے برقی لوڈکو بھی چیک کیاجائے اور تمام فیڈروں کی کومبنگ کرکے بجلی چوری کاخاتمہ کریں۔اجلاس سے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کاآغاز کردیاگیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے تمام فیلڈ فارمیشنز افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کے بجلی میٹرزکی چیکنگ کے ساتھ ساتھ کیسکو افسران و ملازمین کے گھروں اور کالونیوں میں نصب میٹرز بھی بلاتفریق چیک کئے جائیں اور بجلی چوری میں ملوث تمام افرادکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس کے علاوہ مختلف علاقوں کے سرپرائز دورے بھی کئے جائیں گے۔
کیسکوچیف نے کہاکہ صوبہ کے تمام آپریشن سرکلزمیں کیسکوکی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے ڈائریکٹ کنکشنز اورغیر قانونی ٹرانسفارمرز ہٹانے کے لئے بلاتفریق آپریشن یقینی بنائیں اور بجلی چوری میں ملوث صارفین کے کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے برقی آلات بھی اُتار کر قبضہ میں لئے جائیں۔
اجلاس سے چیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرزکیسکوانجینئر عبدالوہاب مگسی نے کہاکہ ہنگامی بنیادوں پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کو تیز کیاجائے اورغیر قانونی برقی آلات، ڈائریکٹ کنڈے وغیرہ فوری طورپر ہٹادیں تاکہ بجلی چوری کو روکاجاسکے۔قبل ازیں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز اور ایکسئن نے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا اور اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمہ اور لاسز کم کرنے کے علاوہ ریکوری بڑھانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں