لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):لیسکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہنگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی خصوصی ہدایت پر بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر قصور سرکل میں لیسکو کے 16ملازمین و افسران کے خلاف کاررائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان کے مطابق جن لیسکو اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ان میں ایک لائن سپرنٹنڈنٹ، ایک لائن مین، 3اسسٹنٹ لائن مین،10میٹر ریڈرز اور ایک ایکٹنگ میٹر انسپکٹر شامل ہے۔
مذکورہ لیسکو اہلکار قصور سرکل کی مختلف سب ڈویژن میں تعینات تھے، دوران انسپکشن تمام اہلکار بجلی چوروں کی سہولت کاری اور فرائض میں غفلت برتنے جیسے جرائم میں ملوث پائے گئے جس کے باعث 16اہلکاروں کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ بجلی چوری میں ملوث ہونے پر 2اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کروادیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے جس میں ملوث اہلکاروں کو دوسروں کے لیے نشان عبرت بنایا جائے گا، بجلی چور نہ صرف ادارے بلکہ عوام کا بھی نقصان کر رہے ہیں۔