لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے، دوران آپریشن بجلی چوری میں معاونت کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے والے لیسکو افسران اور اہلکاروں کے خلاف خصوصی طور پر کارروائی کی جارہی ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق حالیہ کارروائی کے دوران بجلی چوری میں معاونت کا الزام ثابت ہونے پرڈھولنوال سب ڈویژن کے اسسٹنٹ لائن مین نعیم حیدر کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔
ایس ڈی او ڈھولنوال محمد عرفان علی کے مطابق نعیم حیدر لوگوں سے بلوں کے پیسے لیتا اور بجلی چوری کرواتا تھا۔ جرم ثابت ہونے پراسسٹنٹ مینجر ڈھولنوال محمد عرفان علی نے اسسٹنٹ لائن مین نعیم حیدر کو نوکری سے برطرف کردیا۔ دوسری جانب نصراللہ چوکیدار کو بغیر اطلاع کے 2ماہ سے دفتر سے غیر حاضری اور ایس ڈی او مقدم علی جو کہ ان سے پہلے ایس ڈی او ڈھولنوال تھے ان کے ساتھ بد تمیزی کرنے پر نوکری سے برطرف کردیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415824