بجلی چوری میں ملوث مزید 350ملزمان پکڑ لئے ،137کےخلاف مقدمات درج ،بھاری جرمانے عائدکئے گئے، ترجمان لیسکو

67
LESCO

لاہور۔3مارچ (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مزید 350ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان کے مطابق 137 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں،پکڑے جانے والے کنکشنز میں 9 کمرشل،1انڈسٹریل،2زرعی اور351ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو2 لاکھ41 ہزار3سو88 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 85لاکھ88 ہزار9سو35 روپے ہے،بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،

ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو3 لاکھ روپے،پھولنگر کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ54ہزار700 روپے،اکبری گیٹ کے علاقے میں ایک ملزم کو2لاکھ اورداتا دربار میں ایک ملزم کو بجلی چوری کرنے پر1لاکھ50ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد بجلی چوری مہم کو172 روز مکمل ہوگئے ہیں،

اس دوران کل 59 ہزار7سو6 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54 ہزار8 سو59ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 17 ہزار7سو95 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 83 لاکھ76 ہزار4سو یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 99 کروڑ73 لاکھ35 ہزار26 روپے ہے۔ لیسکو چیف نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔