بجلی چوری میں ملوث08 لیسکو اہلکار گرفتار،50 کومعطل کر دیا گیا، ترجمان

87
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔26نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری مہم کامیابی سے جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی چوری میں ملوث شہریوں کے ساتھ ساتھ لیسکو افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے،ترجمان کے مطابق اب تک کی کارروائیوں میں بجلی چوری میں ملوث 8 لیسکو اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جا چکا ہے،اسی طرح50اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے جبکہ متعدد اہلکاروں کو نوکری سے برخاست بھی کیا جاچکا ہے، ترجمان کے مطابق گرفتار ہونیوالے آٹھوں اہلکاروں کا تعلق لیسکو کی ایسٹرن سرکل سے ہے

جبکہ معطل ہونیوالوں میں نارتھ سرکل کے 8، سنٹرل سرکل کے7، ایسٹرن سرکل کے 9، اوکاڑہ سرکل کے 2، سائوتھ سرکل کے 4، شیخوپورہ سرکل کے 2، قصور سرکل کے 9 اور ننکانہ سرکل کے بھی 9 اہلکار شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور لیسکو اہلکاروں و با اثر شخصیات کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔