فیصل آباد۔ 12 ستمبر (اے پی پی):فیسکو کے بجلی چوری کے خلاف آپریشن کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید45 بجلی چور ہتھے چڑھ گئے جنہیں 1 لاکھ41 ہزار یونٹس کی مد میں 55 لاکھ66 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ کیا گیاہے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران حالیہ ایک ہفتہ میں ابتک فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے کل کیسزکی تعداد238 ہوگئی ہے جن کو672561ڈی ٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2کروڑ57لاکھ 67ہزارروپے بنتی ہے۔۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ فیسکو کابجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اورحکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایات کی روشنی میں فیسکوٹیمیں بجلی چوروں کے خلاف دن رات مصروف عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکوریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر میں خصوصی چیکنگ ٹیموں نے گزشتہ روزکامیاب کارروائیوں کے دوران مزید45 بجلی چوروں کوپکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی،میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے،شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے
جبکہ ان بجلی چوروں کے کنکشنزبھی کاٹ دئیے گئے ہیں اورانہیں 1 لاکھ 41ہزار سے زائد ڈٹیکشن یونٹس کی مد میں 55لاکھ66ہزار سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی جمع کرادی گئی ہیں۔
دریں اثناچیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمدنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کہیں بھی ہونیو الی بجلی چوری کی فوری اطلاع فیسکو کے جاری کردہ نمبرز پر دیں تاکہ ان بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے بجلی چوروں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے لہٰذاشہری فیسکوٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389479