بجلی چوری کے خلاف جاری ریکوری مہم کے دوران گزشتہ 73 روز کے دوران 55 ارب روپے کی وصولی کی گئی،سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال

159
Secretary Power Division
Secretary Power Division

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت توانائی (پاور ڈویژن) راشد لنگڑیال نے کہا ہے کہ گزشتہ 73 روز سے بجلی چوری کے خلاف اور ریکوری کے لئے جاری مہم کے دوران 7 ستمبر سے اب تک بجلی چوری کرنے والوں سے 55 ارب روپے کی رقم وصول کی جاچکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پرمنگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر سے 31 اکتوبر تک 46 ارب روپے اور نومبر میں اب تک 9 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔

سیکریٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ نومبر کے اعداد و شمار میں ڈیٹیکشن چارجز اور بقایا جات کی وصولی شامل ہے تاہم اس میں چوری میں کمی کے مالی اثرات شامل نہیں ہیں۔ راشد لنگڑیال نے کہا کہ ریکوری کی اس کوشش میں لیسکو 10 ارب روپے کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پیسکو 9 ارب روپے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران ہم نے 29 ہزار 541 مجرم صارفین اور 20 ملازمین کو گرفتار کیا جبکہ افسران سمیت 272 ملازمین کو معطل کیا گیا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا کہ ہم نے 5 ارب روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن چارجز میں بھی اضافہ کیا ہے۔