26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںبجلی چوری کے سنگین جرم میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کی...

بجلی چوری کے سنگین جرم میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے، کمشنر سلوت سعید

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):کمشنر سلوت سعیدنے کہا ہے کہ بجلی چوری کے سنگین جرم میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کی سخت گرفت میں لایا جائے، ملکی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔کمشنر نے فیسکو کی بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ،پولیس اورفیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف مربوط ایکشن پلان وضع کیا ہے، شہریوں کی طرف سے بھی بجلی چوری کی شکایات کے اندراج کے لئے ہیلپ لائن نمبرز فعال کریں۔

انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی برائے انسداد بجلی چوری کے اجلاس روزانہ منعقد کرکے ڈویژنل کمیٹی کو کارکردگی رپورٹ سے آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف گھیرامزید تنگ کیا جائے اور بجلی چوری کے گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کے بجلی کنکشنز فوری منقطع کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ چوروں کے خلاف زیر التواء قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، زیرالتواء استغاثوں پر مقدمات درج کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے وادارے آپس میں روابط کو یقینی بنائیں اور ایک پیج پر رہ کر کارروائیاں کی جائیں۔

- Advertisement -

انہوں نے تین روز بعد جائزہ اجلاس دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔سی ای او فیسکو بشیر احمد نے گزشتہ 6 روز سے جاری مہم کے دوران لئے گئے ایکشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 164 مقدمات کے اندراج کے لئے استغاثے جمع کرائے جاچکے ہیں، فیسکو افسران کو ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کوآرڈینیشن کی ہدایت اور عوامی شکایت کے اندراج کے لئے فون نمبر مختص ہے۔

اجلاس میں جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک جبکہ سی پی او عثمان اکرم گوندل،ایڈیشنل کمشنرکوآرڈینیشن/ڈویژنل فوکل پرسن مصورخان نیازی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ثمینہ سیف نیازی سمیت فیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389197

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں