لاہور۔21ستمبر (اے پی پی):پنجاب پولیس بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر 1 ہزار سے زائد مقدمات درج کر رہی ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ چوری، ڈاکے اور جرائم کی دیگر وارداتوں میں لوٹی جانے والی مجموعی سالانہ رقم بجلی چوری کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔
بجلی چوری کے ڈاکے میں ملوث وطن دشمن عناصر و ملزمان کو اب کوئی رعایت نہیں ملے گی، ڈاکٹر عثمان نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس بجلی چور عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے، کنڈے ڈال کر، میٹر میں ٹیمپرنگ یا کسی بھی طریقے سے بجلی چوری کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حلال کمائی پر بجلی چوروں کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے درخواست ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف انفارمیشن دے کر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔