بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا ،کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، کھیئل داس کوہستانی

61
Kheyl Das Kohistani
Kheyl Das Kohistani

حیدرآباد۔ 20 اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کی ایک بڑی مثال ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بات حیدرآباد میں گرو نانک میڈیکل سینٹر اور فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کے لوگ امن، پیار اور بھائی چارے سے رہتے ہیں، یہی پاکستان کی اصل پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے مکمل حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندو برادری معیشت اور کاروبار میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو ملکی ترقی میں ان کے بھرپور تعاون کا ثبوت ہے۔ انہوں نے گرو نانک دیو جی دربار کے تحت نئے گوردوارے کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کی ہندو اور سکھ برادری کو سندھ، بالخصوص حیدرآباد کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وہ پانی کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں

انہوں نے حالیہ حملے میں پیپلز پارٹی کے عناصر کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کر دیا۔ کھیئل داس کوہستانی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف سرکلر ڈیٹ میں کمی آئے گی بلکہ بجلی چوری جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے اور مہنگائی کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتی رہی ہے، اور موجودہ حکومت بھی عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔