بجلی کی پیداواری مشینری ، ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں 7 ماہ کے دوران 60 فیصد اضافہ

182
Textile machinery

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سا ل کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 60 فیصد جبکہ ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں بھی 60 کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 391ملین ڈالر کازرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 60 فیصد زیادہ ہے ۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات پر 245 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ جنوری میں بجلی کی پیداواری مشینری کی درآمدات کا حجم 59 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر میں 80 ملین ڈالر اور گزشتہ سا ل جنوری میں 35 ملین ڈالر تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ما ہ میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 128 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 80 ملین ڈالر کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ ہے۔

جنوری میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 22 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر میں 21 ملین ڈالر اور گزشتہ سا ل جنوری میں 11 ملین ڈالر تھا۔ واضح رہے کہ مالی سال کےپہلے 7 ماہ میں مشینر ی گروپ کی مجموعی درآمدات پر 5.058 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4.35 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 16 فیصد زیادہ ہے۔