اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):ملک میں بجلی کے منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2023 میں ملک میں بجلی کے شعبہ میں 45.1 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 51.34 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال جولائی میں ملک میں بجلی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 29.8 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔جولائی میں تھرمل بجلی کے منصوبوں میں 15.7 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں معمولی کم ہے، گزشتہ سال جولائی میں تھرمل بجلی کے منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 15.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
جولائی میں پانی سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں 10 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال جولائی کے 4.4 ملین ڈالرکے مقابلہ میں زیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں کوئلہ سے بجلی پیداکرنے کے منصوبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 19.3ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جولائی میں 7.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 87.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں 74.8 ملین ڈالرتھا۔\