بجلی کے نئے 10 سالہ منصوبہ میں سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت پر پڑنے والے 4,743 ارب روپے کے بوجھ کو کم کیا جائے گا ، پاور ڈویژن

112
Power Division
Power Division

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے منظور کردہ پاکستان کے بجلی کے نئے 10 سالہ منصوبہ (IGCEP 2025-34) میں سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت پر پڑنے والے 4,743 ارب روپے کے بوجھ کو کم کیا جائے گا۔ پاور ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق منصوبہ میں سستی بجلی کی فراہمی کو فوقیت دی گئی ہے ، جس کا بنیادی مقصد عوام کو کم قیمت اور معیاری بجلی فراہم کرنا ہے جس کیلئے کم سے کم لاگت کے اصول پر عمل کرتے ہوئے نئے منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔

منصوبہ پر عملدرآمد سے قومی معیشت پر 4,743 ارب روپے بوجھ کم کیا جائے گا جبکہ منصوبوں کی تکمیل کی تاریخوں کے ردو بدل سے 10 ارب ڈالر یا 2790 ارب روپے کی قومی بچت ہوئی ۔مزید برآں 7,967 میگاواٹ کے منصوبوں کو پلان سے نکالنے پر 17 ارب ڈالر یا 1,953 ارب روپے کی بھی بچت ہوئی ہے۔10 سالہ منصوبہ میں میرٹ اور شفافیت پر مبنی پلاننگ کی گئی ہے اور پہلی بار میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر بجلی کے منصوبوں کا انتخاب کیا گیا۔ کسی بھی شخص یا گروہ یا جماعت کو فائدہ دینے کی بجائے قومی مفاد کو سامنے رکھ کر پلان مرتب کیا گیا ہے۔ مہنگے اور غیر ضروری منصوبوں کو منسوخ کر دیا گیا۔

پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں موثر توسیع کیلئے اصل منصوبہ بندی کے تحت 14,984 میگاواٹ کے نئے منصوبوں کو 7,017 میگاواٹ تک محدود کر دیا گیا ہے ۔ ملکی وسائل سے پیدا شدہ بجلی کو ترجیح دی گئی، جس سے 7,987 میگاواٹ کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں جس کا مقصد مقامی وسائل کا استعمال اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔ مقامی ذرائع ( جیسے ہائیڈرو، شمسی، نیوکلیئر ، ونڈ ) کوترجیح دے کر درآمدی ایندھن ( جیسے کوئلہ، گیس ) پر انحصاربھی کم کیا جائے گا۔

اس سے زرمبادلہ کی سالانہ اربوں ڈالر کی بچت ہوگی ۔ پائیدار اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کی تشکیل کیلئے مستقبل میں بجلی کے نئے منصوبوں کو مسابقتی بنیادوں پر لگایا جائے گا۔ پرائیویٹ سیکٹر کی شرکت کو فروغ دیا جائے گا۔اس طرح دس سالہ منصوبہ بندی میں حکومتی گارنٹی اور خریداری کا خاتمہ کیا جائے گا اور حکومت اب مزید بجلی نہیں خریدے گی اورنہ ہی حکومت اب مزید بجلی کے منصوبوں کیلئے گارنٹی دے گی جس سے مختلف اقسام کے پیسٹی چارجز سے مستقل چھٹکارا حاصل ہو گا۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ پاکستان میں سستی، پائیدار اور میرٹ کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا، جس سے صارفین کو کم قیمت پر بجلی ملے گی اور قومی معیشت کو فائدہ ہوگا۔