فیصل آباد ۔ 04 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں ریکارڈ کمی کو ملک میں سیاسی استحکام اور صنعتی ترقی کی سمت بڑا اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی تقریرکے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے 7.41روپے اور صنعتوں کیلئے 7.59روپے کی کمی اس وعدہ کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے جس کا بنیادی مقصد آئندہ پانچ سالوں میں قومی برآمدات کو 60ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے خاص طور پر فیصل آباد کا صنعتی سیکٹر خاصا متاثر ہوا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ عوام اور صنعتوں کو ریلیف دینے کا بھی سلسلہ شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی پالیسیوں کی وجہ سے افراط زر اور مارک اپ میں واضح کمی ہوئی جبکہ قومی محاصل میں بھی 35فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مہنگی بجلی تھی اور وزیر اعظم اس کا متعددبار اور برملا اظہار بھی کرتے رہے مگر مشکل معاشی حالات کی وجہ سے فوری طور پر اس کی قیمتوں میں کمی کرنا ممکن نہیں تھاتاہم جیسے ہی حالات نے اجازت دی انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے اور توقع ہے کہ اس کے نتیجہ میں بند صنعتیں بھی چلنا شروع ہو جائیں گی جبکہ جزوی طور پر چلنے والی صنعتیں اپنی پوری استعداد کار کے مطابق چلیں گی جس سے بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا گردشی قرضہ تقریباً 2300ارب روپے کا ہے جس کو آئندہ سالوں میں کم کرنے کی راہ ہموار کر دی گئی ہے اور جو ہم نے آنے والے دنوں میں 3600 ارب کا گردشی قرضہ ادا کرنا تھا، اب وہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی موجودہ معاشی پالیسیوں کو جاری رکھا جائے تاکہ معیشت کو مستقل، پائیدار اور مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہا تو پاکستان بہت جلد قرضوں سے نجات حاصل کر لے گا اور اس کا شمار دنیا کی 20بڑی معیشتوں میں ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578399