کوئٹہ۔ 04 اپریل (اے پی پی):صدر پاکستان بزنس فورم خواجہ محبوب الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں کمی کے اعلان سے زراعت اور انڈسٹری کو کافی حد تک ریلیف ملے گا، امید ہے کچھ ماہ بعد وزیراعظم شہباز شریف سے بجلی کے نرخ میں مزید کمی کی خوشخبری ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا بجلی بلوں سے غیر ضروری سرچارجز کو بھی ختم کیا جائے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کو بڑھانے کے لئے ملکی کرنسی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کی ضرورت ہے ۔
ہم وزیراعظم کی طرف سے ڈسکوز کو پروائیٹ کرنے کے اعلان کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ڈسکوز کی نجکاری سے 600 ارب کی چوری رکے گی، جنکوز کی فروخت سے 9 ارب روپے قومی خزانے میں ملے، حکومت نے بند جنکوز کو فروخت کیا۔ اب تاجروں کوآگے آناچاہئے، ہمیں پیداوار بڑھانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔
چیئرمین بلوچستان پاکستان بزنس فورم و سابق صدر ایف پی سی سی آئی دارو خان اچکزئی نے کہا بجلی کے نرخوں میں کمی کا اقدام نہ صرف عوام پر مالی دباؤ کو کم کرے گا بلکہ پیداواری لاگت کو کم کرکے صنعتوں کے نمایاں فروغ بھی کردار ادا کرے گا۔ اس سے مقامی صنعتوں کی مسابقت میں اضافہ ہوگا، برآمدات کو فروغ ملے گا اور اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578382