بجٹ سپورٹ کے لیے حاصل کیے گئے خصوصی قرضوں میں رواں مالی سال کے دوران 42 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی، سٹیٹ بینک

53
State Bank

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):رواں مالی سال کے دوران بجٹ سپورٹ کے لیے حاصل کیے گئے خصوصی قرضوں میں 42 فیصد نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 21۔ 2020 کے دوران حکومت کی جانب سے بجٹ سپورٹ کے لیے حاصل کردہ قرضہ جات کا حجم 676 ارب روپے تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 20۔ 2019 کے دوران اس مد میں 1171 ارب روپے کے قرضے لیے گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے دوران بجٹ سپورٹ کے لیے حاصل کیے گئے حکومتی قرضوں کے حجم میں 495 ارب روپے یعنی 42 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بجٹ سپورٹ کے حوالہ سے حاصل کردہ قرضوں کے حجم میں نمایاں کمی کے نتیجہ میں ملک کے مالیاتی خسارہ میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔

اقتصادی ماہرین نے مالیاتی خسارہ میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط کے موثر حکومتی اقدامات سے مالیاتی خسارہ میں مزید کمی متوقع ہے جس سے ملک کی معاشی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔