لاہور۔30 جون(اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں ” سٹیٹس کو” اور تبدیلی کی قوتوں میں کشمکش جاری ہے۔ عوام پرانے نظام اور اس کے حامیوں کو ان کی تمام تر خرابیوں سمیت ہمیشہ کیلئے الوداع کرنا چاہتے ہیں مگر کرپشن کے عادی روایتی سیاستدان وقت کے پہیے کو الٹاگھمانے کیلئے پورا زور لگا رہے ہیں۔ کرپشن کیلئے واویلاکرنیوالے ایسے عناصر تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ تبدیلی اور وزیر اعظم عمران خان کی مخالفت میں آج بھی وہی جماعتیں اکٹھی ہیں جو ماضی میں تھیں۔ اپنے ایک بیان میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ سسٹم کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے – فرسودہ نظام کو "ابھی نہیں تو کبھی نہیں "کی بنیاد پر بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ دے دیا ہے۔پی ٹی آئی حکومت ملک کو معاشی لحاظ سے اپنے پاو¿ں پر کھڑا کر رہی ہے۔