بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور تعلیم، صحت زراعت، کاروبار، تجارت میں بہتری کیلئے اقدامات تجویز کئے ہیں، سینیٹر افنان اللہ

16
بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور تعلیم، صحت زراعت، کاروبار، تجارت میں بہتری کیلئے اقدامات تجویز کئے ہیں، سینیٹر افنان اللہ

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر افنان اللہ نے وفاقی بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے اور تعلیم، صحت زراعت، کاروبار، تجارت میں بہتری کے لئے اقدامات تجویز کئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ بجٹ متوازن ہے، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے، افراط زر کی شرح 7 فیصد رکھی گئی ہے ۔

ترقیاتی بجٹ 13 سے 14 ارب روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین بھی بجٹ سے پہلے احتجاج کرتے ہیں انشاءاللہ ان کے تحفظات بھی دور کریں گے۔ وزیراعظم نے تنخواہ دار سرکاری ملازمین کے لئے 10 فیصد اضافہ کی منظوری دی ہے جبکہ وزارت خزانہ نے چھ سے سات فیصد اضافے کی تجویز پیش کی تھی، تنخواہوں میں تفاوت کو کم کرنے کے لئے اہل ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ بھی کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے حکومت نے زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں، عالمی سطح پر بھی اس حوالے سے بہتر انداز میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر، کسٹمز کے شعبوں میں اصلاحات پر بھی کام ہو رہا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔