بجٹ میں لاہور کی مرکزی اور تجارتی اہمیت کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کے لئے28.3ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، صو با ئی وزیر خزانہ

112

لاہور۔14جون (اے پی پی):پنجاب کے آئندہ مالی سال2021-22 کے بجٹ میں لاہور کی مرکزی اور تجارتی اہمیت کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کے لئے28.3ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے جس کے تحت شہر میں انفرا سٹرکچر کے میگا پروجیکٹس لگائیں جائیں گے۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ لاہور میں اس وقت زیر تعمیر جاری اہم منصوبوں میں شاہ کام چوک ، گلاب دیوی ہسپتال انڈرپاس اور شیراں والاگیٹ اوورہیڈ شامل ہیں۔ لاہور شہر میں پانی کی شدید قلت کو مدنظر رکھتے ہوئےSurface Water Treatment Plant لگایا جا رہا ہے جس کے لیے آئندہ مالی سال میں ایک ارب 50کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔لاہور شہر میں آخری بڑا جنرل ہسپتال 1984میں تعمیر ہو، ہماری حکومت اس سال ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ترین ہسپتا ل کی تعمیر کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

جنابِ اسپیکر!ہم لاہور کو عالمی سطح کا جدید ترین شہر بنانے کاعزم رکھتے ہیں۔ لاہور کے مستقبل کی ضروریات کے مد نظر رکھتے ہوئے راوی اربن پروجیکٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ جیسے فقیدالمثال منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کی بدولت یہ تاریخی شہرآنے والے وقتوں میں اس خطے کا ترقی یافتہ ترین شہر بن جائے گا۔یہ منصوبے نا صرف لاہور بلکہ پنجا ب میں ترقی اور خوشحالی کے سنہر ی دور کا سنگِ میل ہوں گے۔ایک اندازے کے مطابق صرف سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام سے6ہزار ارب معاشی سرگرمیاں اور ایک لاکھ سے زائد روزگارکے مواقع دستیاب ہوں گے۔