اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) آئندہ مالی سال 2019-20ءکے وفاقی بجٹ میں ٹیکس سال 2019ءکیلئے ٹیکس کریڈٹ کو مشینری کی قیمت کے خرید کے 10 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے اور اس کے بعد اس کریڈٹ کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2019-20ءکا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت ایسے تمام صنعتی ادارے جو توسیع، وسعت، بیلنسنگ، ماڈرنائزنگ اور تبدیلی کے لئے مشینری خریدنے پرسرمایہ کاری کرتے ہیں انہیں مشینری کی قیمت خرید کے 10فیصد کے برابر ٹیکس کریڈٹ کی اجازت ہوتی ہے۔ ٹیکس کریڈٹ کی اس سہولت کو فنانس ایکٹ 2010ءکے ذریعے متعارف کروایا گیا تھااور یہ 30جون 2015ءتک دستیاب تھی۔ اگرچہ یہ سہولت پہلے ہی اپنی افادیت کھو چکی تھی پھر بھی سابقہ حکومت نے اس میں 2021ءتک توسیع کر دی تھی۔ ڈیٹا کے تجزئیے سے پتہ چتا ہے کہ اس ٹیکس کریڈٹ کا دعویٰ کئی ایسی کمپنیوں کی طرف سے بھی آیا ہے جو ان مراعات کے بغیر بھی مشینری پر یہ سرمایہ کاری کرتیں۔