بجٹ پر بحث اور منظوری کے دوران اپوزیشن کو حکومتی ارکان سے زیادہ وقت دیا گیا ، تمام امور قواعد کے مطابق نمٹائے گئے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی

40
بجٹ پر بحث اور منظوری کے دوران اپوزیشن کو حکومتی ارکان سے زیادہ وقت دیا گیا ، تمام امور قواعد کے مطابق نمٹائے گئے ہیں،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث اور اس کی منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان کو حکومتی ارکان سے زیادہ وقت دیا گیا ہے اور تمام امور قواعد کے مطابق نمٹائے گئے ہیں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن خواجہ محمد آصف اور دیگر کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے 5 گھنٹے 10 منٹ کی طویل بحث کے بعد فنانس بل 2021ء کی منظوری دی ہے۔ سیشن میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے 244 ارکان نے بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیا اور 69 گھنٹے 5 منٹ صرف کئے۔

اپوزیشن ارکان کو ان کے مختص وقت سے 16 گھنٹے 5 منٹ زیادہ جبکہ حکومتی ارکان کو بجٹ پر بحث کے لئے 13گھنٹے کا زیادہ وقت دیا گیا۔ علاوہ ازیں مطالبات زر اور کٹوتی کی تحاریک کے لئے 16 گھنٹے 10 منٹ اور سینٹ تجاویز پر بحث کے لئے ایک گھنٹہ 20 منٹ دیئے گئے۔ اسی طرح لازمی اخراجات پر ایک گھنٹہ دس منٹ بحث کرائی گئی۔

مجموعی طور پر بجٹ کی منظوری پر 93 گھنٹے صرف کئے گئے۔ ضمنی مطالبات زر کی منظوری کے لئے بھی ارکان کو مزید وقت دیا جائے گا۔ کسی بھی بجٹ کی منظوری کے لئے یہ ایک ریکارڈ ٹائم ہے جو ارکان کو دیا گیا ہے